ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف اہم میچ سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ آل راؤنڈر اکشر پٹیل گزشتہ روز عمان کے خلاف گروپ میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے ہیں، جس کے باعث ان کی پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
اکشر پٹیل کو عمان کے خلاف 15ویں اوور میں کیچ پکڑنے کی کوشش کے دوران گر کر انجری ہوئی۔ زخمی ہونے کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے اور دوبارہ فیلڈنگ کے لیے گراونڈ میں واپس نہیں آئے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ان کی پاکستان کے خلاف میچ میں حصہ لینے کے حوالے سے ٹیم ذرائع کی جانب سے ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
بھارتی فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ نے میچ کے بعد ابتدائی طور پر کہا کہ اکشر پٹیل کی حالت ٹھیک نظر آ رہی ہے، تاہم مکمل صحت یابی پر سوالیہ نشان ابھی باقی ہے۔ کل پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کا اہم میچ کھیلا جائے گا، جہاں اکشر پٹیل کی غیر موجودگی بھارتی ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ انجری بھارتی ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے کیونکہ اکشر پٹیل اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں کی وجہ سے ٹیم کی اہم کڑی ہیں اور ان کی غیر موجودگی سے ٹیم کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ پاکستانی شائقین بھی اس میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جو ہمیشہ کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا روایتی مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔





