اسلام آباد: ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن نے مختلف استعمال شدہ اور تجدید شدہ موبائل فونز کی کسٹم ویلیوز پر نظر ثانی کرتے ہوئے خاص طور پر ایپل آئی فون 14 پلس کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق 128 جی بی آئی فون 14 پلس کی کسٹم ویلیو کو 910 ڈالر سے کم کر کے 774 ڈالر، 256 جی بی ماڈل کی کسٹم ویلیو کو 1010 ڈالر سے گھٹا کر 859 ڈالر اور 512 جی بی ماڈل کی کسٹم ویلیو کو 1210 ڈالر سے کم کر کے 1029 ڈالر مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ قدم ملک میں موبائل فونز کی موجودہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق کسٹمز چارجز کو ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : این ایف سی ایوارڈ پر مالی بحران: وفاق و صوبوں کے درمیان کشمکش بڑھ گئی
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے صارفین کو مالی فائدہ پہنچے گا اور مارکیٹ میں موبائل فون کی خرید و فروخت مزید فعال ہوگی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز کا کہنا ہے کہ کسٹم ویلیوز پر نظر ثانی مختلف ملکی و بین الاقوامی مارکیٹوں کا تجزیہ کرنے کے بعد کی گئی ہے تاکہ درست اور منصفانہ چارجز عائد کیے جا سکیں۔





