وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی صدر سے ملاقات کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے

واشنگٹن : وزیراعظم شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے پاکستانی وفد کے ہمراہ واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں۔

ان کا استقبال اینڈریوز ایئر بیس پر امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیداروں نے ریڈ کارپٹ کے ذریعے کیا۔ وزیرِ اعظم کا موٹرکیڈ امریکی سیکورٹی کی سخت نگرانی میں ایئر بیس سے روانہ ہوا۔

وزیرِ اعظم جلد ہی وائٹ ہاؤس پہنچیں گے جہاں ان کی امریکی صدر سے ملاقات ہوگی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اوول آفس میں ہونے والی گفتگو میں مئی میں پیش آنے والی پاک بھارت جنگ، مسئلہ کشمیر اور دیگر عالمی و علاقائی امور زیر بحث آئیں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق صدر ٹرمپ سے مسلم رہنماؤں کی ملاقات کو موثر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب عملدرآمد کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔

نیویارک میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے پاکستانی افواج کی فتح پر فخر کا اظہار کیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہا، جنہوں نے جنگی حکمت عملی کی دنیا کو مثال دی۔

نیویارک میں وزیراعظم کی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی اعتماد، علاقائی تعاون اور ترقی پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔

Scroll to Top