سیاست کرنے کیلئے اور بہت ایشوز ہیں، سیلاب کے نام پر سیاسی دکانیں بند کریں، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے حالات کو سیاسی ایجنڈے کا حصہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیاست کرنے کے لیے اور بھی بہت سے ایشوز ہیں اس لیے سیلاب کے نام پر سیاسی دکانیں بند کی جائیں۔

عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری قوم کے سامنے پنجاب کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا ہے اور پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو سیلاب متاثرین کے لیے عملی کام نہیں کر سکتے، انہیں غیر ضروری زبان درازی سے گریز کرنا چاہیے اور جو لوگ متاثرین کے لیے کام کر رہے ہیں انہیں کام کرنے دیا جائے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز اور ان کی ٹیم ہمیشہ اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھتے ہیں جبکہ مخالفین ان کے فلاحی کاموں پر پوائنٹ سکورنگ کرکے خبروں میں جگہ بناتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن کی اپنی کارکردگی بہتر نہیں ہوتی وہ دوسروں کے کاموں میں کمزوری تلاش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فارم 47 کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سیلاب پیکج کا مطالعہ کریں، مزمل اسلم کا مریم نواز پر طنز

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز نے پنجاب میں میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت کی مثال قائم کی ہے اور وہ نہ صرف پنجاب کا تحفظ جانتی ہیں بلکہ عوام کی خدمت میں بھی پیش پیش ہیں۔

Scroll to Top