پشاور : خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی کے حسن زودرہ میں مشتی قبیلے کے عمائدین اور عوام نے خوارج کے ظلم و جبر اور بھتہ خوری کے خلاف ایک اہم جرگہ منعقد کیا ہے۔
جرگے کے دوران خوارج کے کارندے بھتہ وصول کرنے آئے لیکن مقامی عوام کے سخت ردعمل کے باعث فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
جرگے کا مقصد خوارج کے مظالم کے خلاف قبائلی اتحاد کو مضبوط کرنا اور علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔
قبائلی رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ معصوم عوام سے بھتہ خوری برداشت نہیں کریں گے اور ریاست و سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سے افغان شہریوں کا انخلاء تیز، 6 لاکھ سے زائد وطن واپس جا چکے
جرگے کے شرکا نے سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا پرجوش استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ عوام نے خوارج کے خلاف مکمل یکجہتی اور ڈٹ کر مقابلے کا عزم ظاہر کیا ہے۔





