ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا مؤقف بھی سامنے آگیا

ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا مؤقف بھی سامنے آگیا

ایشیا کپ 2025 کے ٹرافی معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی کا اجلاس نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں منعقد ہوگا، جہاں وہ ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی کے خلاف شدید احتجاج کریں گے۔

دیوا جیت سائیکیا نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے شروع سے ہی حکومتی پالیسی کی پاسداری کی ہے اور ایشیا کپ کو ایک ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ کے طور پر تسلیم کرتے ہیں، نہ کہ باہمی سیریز کے طور پر۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو شکست دینے پر بھارتی ٹیم پر فخر ہے اور اسی لیے اے سی سی کے چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا، جو کہ پاکستان حکومت کے مرکزی رہنما ہیں۔

سائیکیا نے مزید کہا کہ ٹرافی اور میڈلز بھارت کے پاس ہیں اور توقع ہے کہ جلد یہ بھارتی ٹیم کو واپس کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے بھارتی اسکواڈ کو پاکستان کو کھیل کے میدان میں شکست دینے پر 21 کروڑ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ جیتنے کے بعد اسپورٹس مین سپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا۔ بی سی سی آئی نے اے سی سی کو باقاعدہ طور پر ٹرافی نہ لینے سے آگاہ کیا اور ٹرافی میدان سے واپس منگوائی گئی۔

مودی حکومت اور بھارتی بورڈ کی حمایت کے باوجود بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کے سامنے محسن نقوی بھی ڈٹے رہے اور انہوں نے ٹرافی نہ دینے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ محسن نقوی اسٹیج پر موجود رہے اور رنر اپ ٹیم کو انعامات دیے گئے، جبکہ ٹرافی دیے بغیر تقریب ختم کر دی گئی۔

Scroll to Top