رواں سال کا پہلا سپر مون پاکستان میں کب نظر آئے گا؟

رواں سال کا پہلا سپر مون پاکستان میں کب نظر آئے گا؟

اکتوبر 2025 کا مہینہ فلکیاتی لحاظ سے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس مہینے کا مکمل چاند زمین کے سب سے قریب آ کر’’سپر مون‘‘ کی شکل اختیار کرے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق 7 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال 2025 کا پہلا سپر مون دیکھا جائے گا، جو اپنے معمول کے سائز سے 14 فیصد زیادہ بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔

سائنسدانوں کے مطابق، جب چاند اپنی مدار میں زمین سے کم ترین فاصلے پر آتا ہے اور مکمل نظر آتا ہے، تو اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔ یہ نظارہ نہ صرف بصری طور پر دلکش ہوتا ہے بلکہ آسمان پر چمکتا چاند افق کے قریب ہونے کی صورت میں اپنے سائز سے بھی بڑا محسوس ہوتا ہے، جو انسانی آنکھوں کے تناظر کی خاصیت کا نتیجہ ہوتا ہے۔

7 اکتوبر کو نظر آنے والا سپر مون زمین سے تقریباً 2 لاکھ 24 ہزار 599 میل کے فاصلے پر ہوگا۔یہ نظارہ 11 ماہ بعد پہلا سپر مون ہوگا، جبکہ اس سے قبل آخری سپر مون نومبر 2024 میں دیکھا گیا تھا۔

2025 میں اس کے بعد دو اور سپر مونز بھی آسمان پر دکھائی دیں گے5 نومبر کو دوسرا سپر مون5 دسمبر کو تیسرا سپر مونجبکہ جنوری 2026 کے آغاز میں ایک اور سپر مون کا امکان ہے، تاہم کیلنڈر کے اعتبار سے اسے 2025 کا حصہ نہیں مانا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق رواں سال کا سب سے روشن چاند نومبر میں ہوگا، جب چاند زمین سے 2 لاکھ 21 ہزار 817 میل کی کم ترین دوری پر ہوگا، اور اپنی مکمل روشنی کے ساتھ آسمان پر چمکے گا۔

سپر مون کی خاص بات اس کا غیر معمولی سائز اور روشنی ہے۔ جب یہ افق کے قریب ہوتا ہے تو زمین پر موجود اشیاء جیسے درخت یا عمارات اس کے سائز کا موازنہ بناتی ہیں، جس سے چاند مزید بڑا محسوس ہوتا ہے۔ یہ ایک قدرتی بصری دھوکہ ہے، جسے ’’مون الیوشن‘‘بھی کہا جاتا ہے۔

یہ شاندار فلکیاتی مظاہرہ فلک بوس عمارات، سمندر، پہاڑوں یا کھلے آسمان کے نیچے دیکھنے کے لیے بہترین ہوتا ہے۔ فلکیات سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے یہ ایک یادگار لمحہ ہوگا۔اس سے قبل 7 ستمبر 2025 کو دنیا بھر میں چاند گرہن کا بھی مشاہدہ کیا گیا تھا، جس نے آسمان پر قدرت کے حسین رنگ بکھیر دیے تھے۔

Scroll to Top