میں نے کچھ غلط نہیں کیا،بی سی سی آئی سے کبھی معافی نہیں مانگوں گا، محسن نقوی

ایشیا کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بی سی سی آئی سے معافی مانگنے کے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا اور نہ ہی کبھی بی سی سی آئی سے معافی مانگیں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا مسلسل جھوٹ بول رہا ہے اور اپنے بیانات کو بنیاد بنا کر غلط فہمیاں پھیلا رہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا، ’’میری طرف سے کوئی غلطی نہیں ہوئی، ٹرافی میرے دفتر میں موجود ہے۔ اگر بی سی سی آئی واقعی چاہتی ہے تو اے سی سی کے دفتر آ کر ٹرافی وصول کرے، میں ان کا شائستگی سے استقبال کروں گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ فائنل کے دن وہ خود ٹرافی دینے کے لیے تیار تھے اور اب بھی ہیں، لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے تعاون کا فقدان ہے۔

محسن نقوی نے بھارتی میڈیا پر سیاسی مداخلت کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کرکٹ میں سیاست کو گھسیٹ کر کھیل کی اصل روح کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف گھناونی سازش کی جارہی ہے، جس کا مقصد صرف بھارتی عوام کو گمراہ کرنا ہے۔

Scroll to Top