ژوندون او پی ڈی صحت کارڈ کی سہولت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں جلد فراہم کی جائے گی، مشیر صحت

مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت محکمہ صحت میں انقلابی اقدامات کررہی ہے اور تمام بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع مردان کے بیشتر بنیادی صحت مراکز پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، جس کے لیے 9 کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مردان کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز ریلیز ہوچکے ہیں جبکہ صوابی ہسپتال کے لیے 32 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ژوندون او پی ڈی صحت کارڈ کے ذریعے مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا اور بہت جلد خیبر پختون خوا کے دیگر اضلاع میں بھی یہ سہولت دستیاب ہوگی، جس سے غریب مریض آسانی سے اپنا علاج کرا سکیں گے۔

یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں مردان پریس کلب کے صدر محمد ریاض خان مایار اور جنرل سیکرٹری پرویز خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صحافیوں کے مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔

مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی ایڈوکیٹ نے کہا کہ صحافی برادری کی خدمات سے صوبائی حکومت بخوبی آگاہ ہے اور ان کی فیملیز کے لیے بھی فری علاج کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صحافی بھی ژوندون او پی ڈی صحت کارڈز سے مستفید ہوں گے جبکہ ان کے ہیلتھ الاونس کے اجراء پر غور کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر مردان پریس کلب کے صدر محمد ریاض مایار نے مشیر صحت کو پریس کلب کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے گرانٹ، میڈیا کالونی، ہیلتھ الاونس اور ژوندون او پی ڈی صحت کارڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور :پولیس شہداء کے اہل خانہ میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم

مشیر صحت نے یقین دلایا کہ بہت جلد مردان پریس کلب کے لیے گرانٹ جاری کی جائے گی اور صحافی برادری بھی ژوندون کارڈ کے تحت علاج کی مفت سہولت حاصل کرے گی۔

Scroll to Top