گوگل نے نوجوانوں کے لیے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے وہ جدید ہنر حاصل کرکے عالمی معیار کے پروفیشنل سرٹیفکیٹس حاصل کر سکیں گے۔
اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے مطابق مہارتوں سے لیس کرنا اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس اسکالرشپ کے تحت کامیاب امیدواروں کو آئی ٹی سپورٹ، ڈیٹا اینالیٹکس، پروجیکٹ مینجمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سائبر سیکیورٹی، اور یو ایکس ڈیزائن جیسے اہم اور مانگ والے کورسز میں مفت تربیت دی جائے گی۔
تربیت کی مدت چھ ماہ ہوگی، جس کے مکمل ہونے پر گوگل کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
درخواست دہندگان کے لیے کسی سابق تعلیمی قابلیت یا تجربے کی شرط نہیں رکھی گئی، صرف سیکھنے کا جذبہ اور کورس مکمل کرنے کا عزم ہونا ضروری ہے۔ یہ تمام کورسز آن لائن پلیٹ فارم کورسیرا (Coursera)پر دستیاب ہیں۔
خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلد از جلد درخواست دیں کیونکہ کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔ مزید تفصیلات اور درخواست کے لیے گوگل کی آفیشل ویب سائٹ دیکھی جا سکتی ہے۔





