سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کر لی

اسلام آباد: سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دی گئی دورۂ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے۔ متوقع طور پر وہ رواں سال 31 دسمبر سے قبل پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

وزارتِ خارجہ کے سینیئر حکام نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

حکام کے مطابق دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دینے پر بات چیت جاری ہے اور اس حوالے سے دونوں ممالک کی سفارتی سطح پر مشاورت بھی ہو رہی ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ ولی عہد کے اس اہم دورے میں باہمی تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع زیرِ غور آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان انڈر 12 ٹینس ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، نیوزی لینڈ کو 1-2 سے شکست

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دنوں میں سعودی قیادت سے متعدد بار رابطہ کیا ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔

محمد بن سلمان کا ممکنہ دورہ نہ صرف معاشی بلکہ اسٹریٹجک تعلقات کے نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top