پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں 3086 لیکچررز بھرتی کرنے کی منظوری لے لی ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا،جس کے تحت محکمہ اعلیٰ تعلیم میں تدریسی سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے یکمشت بھرتیاں کی جائیں گی۔
وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ خیبرپختونخوا کابینہ نے محکمہ اعلیٰ تعلیم میں 3086 لیکچررز بھرتی کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔یہ اقدام بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں پر انوسٹمنٹ کا حصہ ہے۔
مینا خان آفریدی کا کہنا تھا کہ جامعات کو مالی طور پر خودمختار بنانے کے لیے مالی گرانٹس میں ہزار گنا اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھرتیوں سے ایک جانب روزگار کے مواقع تو دوسری جانب طلبہ کو اعلی تعلیم یافتہ تدریسی سٹاف میسر ہو سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جہاں کہیں سرکاری ملازمتوں کے لیے بی اے کی تعلیم شرط ہوگی، وہاں ایسوسی ایٹ ڈگری ہولڈرز بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ اس سلسلے میں تمام اشتہارات میں بی اے کی اہلیت کے ساتھ ایسوسی ایٹ ڈگری کی اہلیت بھی شامل کی جائے گی۔





