اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین اب مکمل طور پر تبدیل ہو چکا ہے جیسا کہ 14 سال قبل تھا ویسا نہیں رہا۔
چینی ٹیلی ویژن کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے چین کی معیشت کی مضبوطی، عوام کی خوشحالی، اور خطے میں اس کے بڑھتے اثرات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ جنگوں کی جگہ معاشی ترقی پر توجہ دینا ضروری ہے، ہر ملک کو ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے اور پاکستان ہر حال میں چین کے ساتھ کھڑا ہے۔
زرعی شعبے کے حوالے سے انہوں نے جدید ٹیکنالوجی، آبپاشی کے مؤثر طریقے، اور پانی کی بچت پر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع ہیں، خاص طور پر سی پیک (Belt and Road Initiative)، قابل تجدید توانائی، اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے شعبے میں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین نے ٹیکنالوجی اور محنت کی مدد سے عالمی میدان میں مقام حاصل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع مہمند میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری، کھڑی فصلیں متاثر
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کی نسلوں کو یہ باور کرانا ہے کہ وسائل کا مؤثر استعمال اور خود انحصاری ہی کلیدی ہے، اور پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع نے اسے چین کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات استوار کرنے میں اہم کردار دیا ہے۔





