فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کے زیر اہتمام گرینڈ جرگہ، علاقائی ترقی اور امن کی کوششوں پر زور

پشاور: فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کے زیرِ اہتمام قلعہ بالا حصار پشاور میں گرینڈ خیبر جرگہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع خیبر کے قومی مشران، عمائدینِ علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات، سول انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

جرگہ کی صدارت آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے کی۔

گرینڈ جرگے میں ضلع خیبر میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مختلف اقدامات اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاقے کے قومی مشران و ملکان نے آئی جی ایف سی نارتھ کو درپیش علاقائی مسائل سے آگاہ کیا، جن میں سماجی، معاشی اور سیکیورٹی سے متعلق نکات شامل تھے۔

میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے مشران کو یقین دہانی کرائی کہ تمام ممکنہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے سیکیورٹی ادارے ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے بے نقاب، بھاری اسلحہ برآمد

قومی مشران اور عمائدینِ علاقہ نے ضلع خیبر میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے میں سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آئی جی ایف سی نارتھ نے مشران کی حمایت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور مقامی افراد کی قربانیوں اور جدوجہد سے ضلع خیبر ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے۔ ہم مل کر علاقے کو امن، تعلیم اور ترقی کی نئی راہوں پر لے جائیں گے۔

Scroll to Top