بنگلادیش نے شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز اسکور کیے۔ ابراہیم زادران 38 اور رحمان اللہ گرباز 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے نسوم احمد اور رشاد حسین نے دو، دو جبکہ شورف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں بنگلادیش کی ٹیم نے ہدف کا تعاقب آخری اوور کی پہلی گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی سے مکمل کر لیا۔ شمیم حسین نے 33، ذاکر علی نے 32 اور نورالحسن نے ناقابل شکست 31 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، راشد خان نے 2 جبکہ مجیب الرحمان اور نور احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ بنگلادیش نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ تین میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ اتوار کو کھیلا جائے گا۔





