سپریم کورٹ سے رجوع! عمر ایوب اور شبلی فراز نے ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز نے پشاور ہائیکورٹ کے ڈی سیٹ کرنے سے متعلق فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بیرسٹر گوہر علی خان کے توسط سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کا یکم اکتوبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

نجی ٹی وی چینل (24 نیوز )کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے شبلی فراز اور عمر ایوب کو ڈی سیٹ کرنے کے فیصلے پر عبوری حکم امتناع جاری کیا تھا، تاہم بعد ازاں عدالت نے یکم اکتوبر کو یہ حکم امتناع واپس لیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی اور عمر ایوب کو مجاز فورم کے سامنے سرنڈر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عمر ایوب اور شبلی فراز کو سزائیں ہونے کے بعد ڈی سیٹ کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کو سیاسی و قانونی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ممکنہ اثرات نہ صرف پارٹی پوزیشن بلکہ موجودہ سیاسی منظرنامے پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top