ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب کے کئی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
چند علاقوں میں ژالہ باری اور موسم سرما کی پہلی برفباری نے سردی کی آمد کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ ملک کے جنوبی اور مغربی حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب: لاہور، راجن پور، علی پور، کہروڑ پکا، لودھراں، پاکپتن، کمالیہ، چیچہ وطنی، ملتان، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور کبیر والا میں تیز بارش ہوئی۔
اسلام آباد و گرد و نواح: وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ: کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، میٹروول، بلدیہ ٹاؤن اور بفرزون میں بارش ہوئی، جبکہ عمرکوٹ، تھرپارکر اور ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا: سوات، شبقدر، چارسدہ سمیت کئی علاقوں میں بارش، جبکہ کالام اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر برفباری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر: مختلف مقامات پر بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری اور مسلسل بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔





