وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، ملائیشیا کو 20 کروڑ ڈالر مالیت کا حلال گوشت برآمد کرے گا۔ ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے حلال گوشت کی تجارت کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور بتایا کہ پاکستان سے بڑی تعداد میں طلبہ ملائیشیا میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انور ابراہیم نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی استحکام، دہشت گردی کے خاتمے اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں یک زبان ہیں۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران تجارت، کرپشن کی روک تھام اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔





