محمد اعجاز آفریدی
پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے 7 افسران کو صوبائی مینجمنٹ سروس میں گریڈ 17 پر تعینات کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان افسران کی تعیناتی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی منظوری سے عمل میں لائی گئی ہے۔
تعینات کیے گئے افسران میں وجاہت المجاہد، عرب گل، زر محمد، محمد شارق خان، اعجاز احمد، محمد طارق رشید اور وجاہت رضا قریشی شامل ہیں۔
محکمہ اسٹیبلشمنٹ سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق چترال سے تعلق رکھنے والے وجاہت المجاہد کو فنانس ڈیپارٹمنٹ ،مردان سے تعلق رکھنے والے عرب گل کو لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، مہمند سے تعلق رکھنے والے زر محمد کو چیف منسٹر سیکریٹریٹ،پشاور سے تعلق رکھنے والے محمد شارق خان کو پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے اعجاز احمد کو ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ،مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے محمد طارق رشید کو ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ جبکہ وجاہت رضا قریشی کو ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سیکشن آفیسرز کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔





