پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی نے کار خریداروں کے لیے ایک نئی پیشکش متعارف کرائی ہے جس کے تحت سوزوکی ایوری پر محدود مدت کے لیے چار لاکھ پچاس ہزار روپے تک کا کیش ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے۔
یہ آفر سوزوکی ایوری کے وی ایکس ماڈل کے لیے دستیاب ہے۔ یہ وہی ماڈل ہے جو گزشتہ برس سوزوکی بولان کی جگہ لانچ کیا گیا تھا۔
کمپنی کے مطابق یہ رعایت محدود وقت کے لیے ہے اور کسی بھی وقت اس میں تبدیلی یا اسے ختم کیا جا سکتا ہے۔
سوزوکی ایوری وی ایکس کی اصل قیمت انتیس لاکھ بارہ ہزار دو سو تیس روپے ہے، جس پر ڈسکاؤنٹ کے بعد خریدار کو قابلِ ذکر مالی فائدہ حاصل ہوگا۔
گاڑی میں چھ سو ساٹھ سی سی کا جدید انجن دیا گیا ہے جو پہلے کے مقابلے میں بہتر کارکردگی پیش کرتا ہے۔ یہ انجن پانچ ہزار سات سو آر پی ایم پر تینتالیس ہارس پاور اور تین ہزار سات سو آر پی ایم پر اٹھاون نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ پانچ اسپیڈ مینوئل گیئر باکس موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس طلب
گاڑیوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل کاروباری استعمال اور خاندانی ضرورتوں کے لیے موزوں ہے اور موجودہ آفر ایسے صارفین کے لیے ایک اچھا موقع ثابت ہو سکتی ہے جو کم قیمت میں ایک قابل بھروسہ اور کشادہ گاڑی خریدنا چاہتے ہیں۔





