پشاور:اسمبلی سیکرٹریٹ نے خیبرپختونخوااسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا اور وزیراعلی کے انتخاب کا طریقہ جاری کردیا۔
ایجنڈ کے مطابق اسمبلی کی کاروائی 13اکتوبر بروز پیر بوقت 10بجے شروع کی جائیگی۔ سپیکر کی جانب سے وزیراعلی کیلئے رائے شماری کا اعلان کیا جائیگا۔
اسمبلی سیکرٹریٹ سے وزیراعلی کے انتخاب کیلئے جاری طریقہ کار کے مطابق وزیراعلی کے نامزدگی کے کاغذات 12اکتوبر بروز اتوار سہ پہر 3بجے تک جمع کئے جائیں گے۔اسی روز سپیکر صوبائی اسمبلی چار بجے تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے جبکہ شام 5 بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر بروز پیر صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔ رائے دہی کے آغاز سے پہلے اسپیکر اسمبلی ہال میں پانچ منٹ کے لیے گھنٹیاں بجائیں گے جس کے بعد دروازے بند کر دیے جائیں گے اور کسی کو اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسمبلی کے اراکین اپنے ڈویژن نمبر کے مطابق ووٹ دیں گے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور اسپیکر منتخب وزیراعلیٰ کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
اگر ایک ہی امیدوار میدان میں ہوگا اور اسے کل ارکان کی اکثریت حاصل ہو گئی تو وہ وزیر اعلیٰ منتخب ہو جائے گا۔ تاہم اگر مطلوبہ اکثریت حاصل نہ ہوئی تو انتخابی عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
دو یا دو سے زیادہ امیدواروں کی صورت میں پہلی رائے دہی میں اکثریت نہ ملنے پر سب سے زیادہ ووٹ لینے والے دو امیدواروں کے درمیان دوسری رائے دہی کرائی جائے گی جس میں اکثریت حاصل کرنے والا وزیر اعلیٰ منتخب ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : سوزوکی نے اپنی مشہور زمانہ گاڑی پر بڑی آفر لگا دی
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےعلی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ پیر کے روز استعفیٰ کی جانچ پڑتال اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اس پر باقاعدہ طور پر عملدر آمد ہوگا۔





