پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل خوش اسلوبی اور سیاسی ہم آہنگی کے ساتھ مکمل ہو۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے وہی شخصیت منتخب کی جائے گی جسے بانیٔ پی ٹی آئی نے چُنا ہے۔ نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت بانی کے فیصلوں کی مکمل پابند ہے اور اس معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اگر وزیرِاعلیٰ کے انتخاب میں کوئی آئینی پیچیدگی پیدا ہوئی تو اس کا حل عدالت سے تلاش کیا جائے گا۔ ان کے بقول، صوبائی قیادت اور ارکانِ اسمبلی سے مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام پہلوؤں پر مشاورت جاری ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے اس حوالے سے بتایا کہ آج بھی پارٹی کے اہم اجلاس میں وزیرِاعلیٰ کے انتخاب پر مشاورت کی گئی، اور پارٹی کی پوری قیادت بانیٔ تحریک انصاف کے فیصلے کی پابند ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کے اندر مختلف نام زیرغور ہیں، تاہم حتمی فیصلہ بانیٔ پی ٹی آئی کی منظوری سے ہی کیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر کے اس بیان کو پارٹی کی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنے اور ممکنہ اندرونی اختلافات کے سدباب کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پی ٹی آئی کی موجودہ سیاسی حکمت عملی میں یہ بیان اہم پیش رفت ہو سکتا ہے۔





