خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہونے والے اہم اجلاس کے دوران سہیل آفریدی کو باقاعدہ طور پر نیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب کر لیا گیا۔ وہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار تھے۔
سہیل آفریدی کو اسمبلی میں 90 ووٹ حاصل ہوئے، جو مطلوبہ عدد سے کہیں زیادہ ہیں۔ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے لیے کم از کم 73 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
اسمبلی میں اس وقت کل اراکین کی تعداد 145 ہے، جن میں سے 93 حکومتی اتحاد جبکہ 52 اپوزیشن بینچوں پر موجود ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا گیا، جس کے باعث مقابلہ یکطرفہ رہا۔
سہیل آفریدی کو 90ایم پی ایز نے منتخب کیا ، 2ووٹ کاسٹ نہیں ہوسکے ، آصف مسعود بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے ، سپیکر نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا ۔
سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر ایوان نعروں سے گونج اُٹھا ، سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر ارکان کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت جاری ہے ، علی امین میں پہنچے تو حکومتی اراکین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا ۔





