خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی نے حلف برداری کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ وہ ایک مڈل کلاس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور محنت کے بل بوتے پر اس اعلیٰ منصب تک پہنچے ہیں، کسی پرچی یا سفارش سے نہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں پاکستانی ہوں، قبائلی ہوں اور خیبرپختونخوا سے ہوں۔ مجھے فخر ہے کہ میں عوام کی نمائندگی کر رہا ہوں۔’’انہوں نے ایوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُن تمام اراکین اسمبلی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اُن پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں اپنا ووٹ دیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آیا۔ سہیل آفریدی نے واضح اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی، جبکہ اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللّٰہ اس دوڑ سے باہر ہوگئے۔
اس موقع پر اسمبلی میں سیاسی ماحول گرم رہا، تاہم ووٹنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن انداز میں مکمل کیا گیا۔
سہیل خان آفریدی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ان کا وژن صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں، بلکہ صوبے کے عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ میرٹ، شفافیت اور ترقی کو اپنی حکومت کی بنیاد بنائیں گے۔





