عوام کیلئے بڑی خوشخبری! پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان

مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کیلئے ریلیف کی امید پیدا ہوگئی ہے، کیونکہ آئندہ پندرہ روزہ جائزے میں حکومت کی جانب سے پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری کمی متوقع ہے۔ اس کمی کی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی اور روپے کی قدر میں بہتری کو قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق، وزارتِ خزانہ 15 اکتوبر کو نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی، جو 16 اکتوبر 2025 کی رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔

متوقع نئی قیمتیں،پیٹرول: 6 روپے 10 پیسے کمی کے بعد ممکنہ نئی قیمت 262.58 روپے فی لیٹرہائی اسپیڈ ڈیزل: 97 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 275.84 روپے فی لیٹرمٹی کا تیل، 2 روپے 75 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 182.22 روپے فی لیٹرلائٹ ڈیزل آئل، 1 روپے 64 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 163.86 روپے فی لیٹر

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی اور روپے کی نسبتاً مضبوطی نے حکومت کو وقتی طور پر قیمتوں میں کمی کی گنجائش فراہم کی ہے۔ موجودہ جائزے میں کوئی ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ شامل نہیں کی گئی، جبکہ امپورٹ پریمیم پیٹرول کیلئے 6.62 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کیلئے 3.20 ڈالر فی بیرل ہے

اس وقت پیٹرول پر 80.52 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 79.51 روپے فی لیٹر پٹرولیم لیوی اور کاربن سرچارج عائد ہے۔ ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن (IFEM) بھی پیٹرول پر 8.69 روپے اور ڈیزل پر 6.19 روپے فی لیٹر لاگو ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق، اس متوقع کمی سے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی لاگت میں کمی آئے گی جس سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی نرمی آ سکتی ہے۔ عوام کو ریلیف ملنے کی صورت میں مہنگائی کے دباؤ میں وقتی کمی کی امید کی جا رہی ہے۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے حتمی اعلان کل متوقع ہے، جس کے بعد پندرہ روز کیلئے نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top