پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مذید ایک ماہ تک توسیع کردی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے)نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں توسیع کا نیا نوٹم (NOTAM)جاری کردیا ہے۔
نوٹم میں بھارتی مسافر برادر، ملٹری اور کارگو سمیت تمام رجسٹرڈ طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 23 نومبر 2025 تک توسیع کی گئی ہے۔
یہ بندش اپریل 2025 سے نافذ العمل ہے جب بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے پہلگام علاقے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدے کی فوری معطلی کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد پاکستان نے 24 اپریل کو بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی نقل و حمل اور تجارتی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ پڑھیں : پاکستانی فضائی حدود کی بندش ایئرانڈیا پر بھاری پڑ گئی، اہم سروس بند کرنے پر مجبور
پاکستانی فضائی حدود کی بندش بھارتی قومی ایئرلائن ’’ایئر انڈیا‘‘ پر بھاری پڑ گئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر انڈیا نے یکم ستمبر 2025 سے دہلی تا واشنگٹن نان اسٹاپ پرواز عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی روزنامہ انڈین ایکسپریس رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ بوئنگ 787 طیاروں کی کمی اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث کیا گیا ہے، جو کہ مئی 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے بعد سے نافذ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث ایئر انڈیا کی طویل فاصلے کی پروازیں شدید متاثر ہو رہی ہیں، خاص طور پر شمالی بھارت سے مغربی ممالک کو جانے والی پروازوں کے لیے متبادل راستوں نے دورانیے میں اضافہ اور ایندھن کے اخراجات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔





