پشاور: بی آر ٹی مرمتی منصوبے میں تاخیر کے باعث پشاور کی بی آر ٹی سروس مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، جس سے شہریوں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایک ماہ قبل شروع ہونے والا یہ مرمتی کام اب تک مکمل نہیں ہو سکا، جس کے باعث روٹ پر کھدائی اور تعمیراتی ملبے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔
پشاور کے اہم راستوں پر جاری بی آر ٹی ٹریک کی مرمت کے دوران جگہ جگہ کھلے گڑھے اور تعمیراتی مواد بکھرا ہوا ہے، جس سے بسوں کی رفتار بہت سست ہو گئی ہے اور متعدد مقامات پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال معمول بن چکی ہے۔
ملک سعد شہید فلائی اوور سے پشاور کینٹ اور گلبہار سے کینٹ تک سڑکوں کی مرمت کا کام ایک ماہ پہلے شروع ہوا تھا مگر اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔
شہریوں نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی آر ٹی سروس جو کبھی شہر کی سہولت تھی، اب ایک بوجھ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے نہ تو متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں اور نہ ہی مرمت کے کام کی تکمیل کی کوئی واضح تاریخ جاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ میں شامل پرانے اور نئے چہروں کی حتمی منظوری بانی سے لی جائے گی
ذرائع کے مطابق بی آر ٹی مرمتی منصوبے کے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر اور ٹھیکیدار کمپنیوں کے ساتھ تکنیکی مسائل اس سست روی کی اہم وجوہات ہیں۔
اس تاخیر کی وجہ سے نہ صرف بی آر ٹی سروس متاثر ہوئی ہے بلکہ پشاور کی ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر مرمتی کام مکمل کرے اور شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے متبادل راستوں کی فراہمی یقینی بنائے۔





