خیبرپختونخوا میں ڈینگی کی واپسی، محکمہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے اور صورتحال تیزی سے تشویشناک رخ اختیار کر رہی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 42 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد فعال مریضوں کی تعداد 257 ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف ایک دن میں 18 مریضوں کو مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں میں داخل کیا گیا، جبکہ اس وقت مجموعی طور پر 47 مریض زیر علاج ہیں۔ رواں سال اب تک مجموعی طور پر 3 ہزار 404 افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سال 2025 کے دوران 1,416 مریضوں کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا، جبکہ خوش آئند پہلو یہ ہے کہ اب تک 3,145 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ تاہم، وائرس سے دو افراد جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں، جو صورتحال کی سنگینی کی واضح نشاندہی ہے۔

ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے انسدادِ ڈینگی مہم میں تیزی لاتے ہوئے مختلف علاقوں میں سپرے، آگاہی مہمات اور جراثیم کش اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان بارڈر کی بندش، پشاور میں ٹماٹر 400 روپے کلو تک جا پہنچے

محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، گھروں میں صاف پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر دانی اور ریپلنٹ کا استعمال کریں، اور فوری طور پر مشکوک علامات کی صورت میں قریبی مرکز صحت سے رجوع کریں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بروقت احتیاط اور حکومتی اقدامات ہی اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top