باجوڑ میں خراب شدہ مساجد کی مرمت مکمل، فرنٹیئر کور کا امن و استحکام کے لیے مثالی اقدام

باجوڑ:  فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ نے باجوڑ کے علاقے میں خوارج کی تخریب کاری سے شدید متاثر ہونے والی دو مساجد، مسجد سلیمان خیل اور مسجد اعراب کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔

پاک فوج کی اس اہم کوشش کے تحت مساجد کی بحالی کے ساتھ ساتھ شمسی توانائی کے جدید سولر سسٹمز بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ بجلی کی مستقل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مقامی لوگوں نے اس اقدام کو علاقے میں امن و استحکام کی علامت قرار دیتے ہوئے پاک فوج کا دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرمت سے عبادت گاہوں کی حالت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے دل بھی جیت لیے گئے ہیں۔

پاک فوج کی ٹیم نے مساجد کی اندرونی و بیرونی تعمیر نو کے علاوہ صفائی، روشنی اور وضو کے انتظامات کو بھی جدید معیار کے مطابق بہتر بنایا ہے، جس سے عبادات میں سہولت اور باقاعدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لوئر دیر میں بین الاقوامی خواتین بائیکرز کا شاندار استقبال، سیاحت کو ملے نئی زندگی

ان اقدامات کے نتیجے میں مقامی لوگ بڑی تعداد میں نماز کی ادائیگی کے لیے ان مساجد کا رخ کر رہے ہیں، جو کہ علاقے میں مذہبی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا سبب بنا ہے۔

یہ منصوبہ نہ صرف مذہبی ماحول کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوا ہے بلکہ پاک فوج اور مقامی عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون کے رشتے کو بھی مزید مستحکم کیا ہے۔

Scroll to Top