گورنر خیبرپختونخوا اور محسن نقوی کی ملاقات، صوبے میں امن و امان کی حکمت عملی پر اتفاق

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے دشمنوں کے خلاف انٹیلیجنس کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشنز ناگزیر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، حالیہ سکیورٹی واقعات اور پاک افغان سرحد پر موجودہ حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق ملاقات میں صوبے کے مختلف اضلاع میں فتنۃ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز پر بھی گفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر پولیس ٹریننگ سینٹر اور نادرا آفس ڈی آئی خان پر حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بہادری سے ملک دشمن عناصر کے خلاف کھڑے ہیں اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے فتنۃ الہندوستان کو پاکستان کی یکجہتی اور امن کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں امن و امان اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن پسند ہیں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے امن کی صورتحال کا بہتر ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر کے خلاف انٹیلیجنس پر مبنی آپریشنز سے ہی ملک میں پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top