اسلام آباد: کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا خیبر پختونخوا میں مستحق خاندانوں کے معاشی بااختیار بنانے کے منصوبے کا آغاز

کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے خیبر پختونخوا کے مستحق خاندانوں کے لیے معاشی بااختیار بنانے کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

 منصوبے کو محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے عملی شکل دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکریٹری نورالامین تھے جبکہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر پاکستان کے ڈائریکٹر عبداللہ البقمی نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر سرکاری اداروں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، شراکت دار تنظیموں اور میڈیا کے نمائندگان کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

منصوبے کا مقصد غربت میں کمی، غذائی تحفظ میں بہتری اور دیہی و آفات سے متاثرہ علاقوں کے خاندانوں کو خود انحصاری کی جانب گامزن کرنا ہے۔

اس منصوبے کے تحت مختلف اضلاع کے تین ہزار سے زائد خاندانوں کو مویشی، پولٹری اور متعلقہ عملی تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکیں اور ایک مستحکم معاشی بنیاد حاصل کر سکیں۔

منصوبے کے مطابق لوئر چترال، اپر چترال، لوئر دیر اور اپر دیر کے ایک ہزار خاندانوں کو دو مادہ بکریاں، چارہ اور مویشیوں کی دیکھ بھال کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح سوات، صوابی، ہری پور اور مانسہرہ کے ایک ہزار خاندانوں کو 25 مرغیاں، مکمل پولٹری کِٹ اور آمدنی بڑھانے کی تربیت دی جائے گی۔

چارسدہ، مردان اور نوشہرہ کے پانچ سو خاندانوں کو گائے، چارہ اور دودھ کی پیداوار و دیکھ بھال سے متعلق تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ تمام سہولیات محکمہ لائیو اسٹاک کے تعاون سے فراہم کی جائیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ البقمی نے کہا کہ یہ منصوبہ مملکتِ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور کنگ سلمان سینٹر کی جانب سے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تسلسل ہے۔

مہمانِ خصوصی نورالامین نے منصوبے میں شامل تمام شراکت داروں، خاص طور پر کنگ سلمان ریلیف سینٹر، پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن اور محکمہ لائیو اسٹاک کے کردار کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف معاشی استحکام فراہم کرے گا بلکہ غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

Scroll to Top