ایم ڈی کیٹ امیدواروں کو امتحان سے پہلے بڑی خوشخبری

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) میں نصاب سے ہٹ کر سوالات کے شامل ہونے کے مسئلے کو حل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب ملک بھر کے طلبہ کے لیے ایک منصفانہ اور شفاف امتحانی نظام یقینی بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام صوبوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ مشاورت کے بعد MDCAT کے لیے یکساں سوالنامہ تیار کر لیا گیا ہے۔

اس فیصلے سے پورے پاکستان میں امتحان کے معیار اور مساوات کو برقرار رکھا جائے گا۔

وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے تین ہزار سوالات پر مشتمل ایک جامع سوال بینک بنایا ہے، جس میں سے ہر صوبے کو تین مختلف پرچے فراہم کیے جائیں گے اور وہ امتحان کے لیے ایک پرچہ منتخب کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نصاب سے باہر سوالات کے مسئلے کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا گیا ہے، یہ اقدام طلبہ کے لیے شفافیت، میرٹ اور یکساں مواقع کی ضمانت ہے۔

مزید برآں پی ایم ڈی سی نصاب اور سوالنامے کی تیاری کی ذمہ دار ہوگی جبکہ اگر کسی صوبے میں پرچہ لیک ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری متعلقہ صوبائی حکام پر عائد ہوگی۔

مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد صرف امتحان کا انعقاد نہیں بلکہ ایک ایسا نظام قائم کرنا ہے جو مستقبل کے ڈاکٹرز کے انتخاب میں شفافیت اور اعتماد کو یقینی بنائے۔

یہ بھی پڑھیں : پاسپورٹ کی تبدیلی کی خبروں پر محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا موقف سامنے آ گیا

انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تیاری پر توجہ دیں کیونکہ حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

یاد رہے کہ ایم ڈی کیٹ 2025 کا امتحان 26 اکتوبر بروز اتوار منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے ایک لاکھ 40 ہزار 125 امیدوار شرکت کریں گے۔

امتحان کے لیے پاکستان بھر میں 35 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی ایک بین الاقوامی سینٹر بنایا گیا ہے۔

Scroll to Top