عمر ایوب اور شبلی فراز کی خالی نشستوں پر پی ٹی آئی انتخابات میں حصہ لے گی، بیرسٹر گوہر

عمر ایوب اور شبلی فراز کی خالی نشستوں پر پی ٹی آئی انتخابات میں حصہ لے گی، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشستوں پر پی ٹی آئی انتخابات میں حصہ لے گی۔

ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمر ایوب کی نشست پر ان کی اہلیہ الیکشن لڑیں گی، جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلے کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں چار درخواستیں دائر کی جاچکی ہیں، تاہم اب تک ان پر سماعت مقرر نہیں کی گئی۔

بیرسٹر گوہر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر 30 اکتوبر سے قبل سماعت نہ ہوئی تو یہ درخواستیں بے فائدہ ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت سے بارہا درخواست کی گئی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے مطابق شبلی فراز کی نشست پر الیکشن شیڈول 23 اکتوبر کو جاری ہوچکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدلیہ ناانصافی سے بچنے کے لیے بروقت کارروائی کرے گی تاکہ پارٹی کو انتخابی عمل میں منصفانہ موقع حاصل ہو۔

Scroll to Top