اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک، جبکہ بالائی علاقوں میں خنکی میں مزید اضافہ ہو چکا ہے۔ سندھ کے دیگر اضلاع میں موسم گرم و خشک جبکہ بلوچستان کے شمالی حصوں میں رات کے وقت سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ آئندہ تین روز کے دوران درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم نومبر کے پہلے اور درمیانی ہفتے سے سرد ہواؤں کے اثرات بڑھنے لگیں گے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی شمال مغربی سمت سے آنے والی ہوائیں کراچی کے موسم میں تبدیلی کا باعث بنیں گی۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقے بھی خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، تاہم پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 231 جبکہ راوی روڈ، برکی روڈ اور بیدیاں روڈ کے اطراف میں آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بلند نوٹ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں اور تبدیل ہوتے موسم کے پیش نظر گرم کپڑوں کی تیاری کر لیں، کیونکہ رواں سال سردیوں کا آغاز معمول سے کچھ پہلے متوقع ہے۔





