وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت، شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی خوشگوار صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے قطر کو پاکستان کا اہم شراکت دار اور بااثر علاقائی ثالث قرار دیتے ہوئے توانائی، زراعت، آئی ٹی، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور قطری سرمایہ کاروں کو سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے فریم ورک سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
شیخ فیصل بن ثانی نے پاکستان کے ساتھ معاشی روابط مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس نے باہمی شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے نئے اقدامات کی نشاندہی کی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کاروباری روابط اور سرمایہ کاری منصوبوں میں مزید سہولتیں فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا اور وزیراعظم نے قطر کی علاقائی و عالمی فورمز پر پاکستان کے لیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دعا ہے کہ پاکستان اور سعودیہ کی دوستی مزید مضبوط ہو اور نئی بلندیوں کو چھوئے، شہباز شریف
واضح رہے وزیراعظم وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اس اہم دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت، وفاقی وزراء اور دیگر حکام بھی شامل ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، اقتصادی شراکت داری، توانائی، سرمایہ کاری اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ریاض میں ہونے والی عالمی سطح کی سرمایہ کاری کانفرنس فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو سے بھی خطاب کریں گے۔
عالمی کانفرنس میں دنیا بھر سے سرکردہ سرمایہ کار، صنعت کار، ماہرین اقتصادیات اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اقتصادی اصلاحات اور حکومت کی پالیسیوں کو اجاگر کریں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔
وزیراعظم کے اس دورے کے دوران اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط ہونے کا امکان ہے جس سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔





