پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم مذاکرات ترکیہ کے شہر استنبول میں شروع ہوگئے ہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون اور سرحدی کشیدگی کے خاتمے کے لیے عملی حکمت عملی طے کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات استنبول کے ایک مقامی ہوٹل میں جاری ہیں، جہاں پاکستان کا دو رکنی اعلیٰ سطحی وفد شرکت کر رہا ہے۔ پاکستان کی نمائندگی ڈی جی ایم او اور ڈپٹی ڈی جی ایم او کر رہے ہیں۔ دوسری جانب افغانستان کی نمائندگی نائب وزیر داخلہ رحمت اللّٰہ مجیب کی سربراہی میں افغان وفد کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بات چیت میں سرحدی سیکیورٹی، دہشت گردی کی روک تھام، اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان رابطہ میکانزم کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات بھی زیرِ غور ہیں۔
واضح رہے کہ قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور دوحہ میں ہوا تھا، جہاں دونوں ممالک نے بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
سیاسی و سفارتی تجزیہ کاروں کے مطابق استنبول مذاکرات خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب سرحدی کشیدگی میں کمی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔





