بارشیں اوربرفباری ، محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کردی

بارشیں اوربرفباری ، محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور کچھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہے گی۔

باغوں کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی نے خطرناک حد تک شدت اختیار کر لی ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بدستور پہلے نمبر پر ہے۔

کراچی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 165 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔ شہر کے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے، غیر ضروری طور پر کھلی فضا میں قیام سے گریز کرنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دن کے وقت شہر میں موسم گرم جبکہ رات کے اوقات میں خنکی محسوس کی جا رہی ہے، جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح و شام کے اوقات میں خنکی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا امکان نہیں ہے۔ مری، گلیات اور دیگر قریبی پہاڑی علاقوں میں موسم سرد اور برفباری کے امکانات رہیں گے۔

لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں سموگ برقرار رہنے کی توقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں خشک اور سرد موسم متوقع ہے۔ سندھ کے جنوبی ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے اضلاع سموگ کی لپیٹ میں رہیں گے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور صحت کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top