سلمان یوسفزئی
خیبرپختونخوا حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو ائیر ایمبولینس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کا جائزہ مشیر صحت احتشام علی نے لیا اور اس دوران ایک ٹیسٹ فلائیٹ میں بھی حصہ بھی لی۔
مشیر صحت کو اس ائیر ایمبولینس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر سرکاری ہیلی کاپٹر کو عوامی خدمات کے لیے مختص کیا جا رہا ہے۔ مشیر صحت کے مطابق، یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سرکاری ہیلی کاپٹر کو انسانی فلاح و بہبود کے لیے استعمال میں لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرم کی حالیہ صورتحال میں اس ہیلی کاپٹر کو عوامی خدمات کے لیے استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے نہ صرف مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا بلکہ ضروری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ ان کے مطابق، اس سروس نے ہزاروں جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کا اثاثہ جات کا جامع ڈیٹا بیس مرتب کرنے کا فیصلہ
ہیلی کاپٹر کو ایک جدید ائیر ایمبولینس بنانے کے لیے اس میں ضروری طبی آلات اور جدید سہولیات نصب کی جا رہی ہیں تاکہ اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ مشیر صحت نے واضح کیا کہ یہ سروس کرائے پر نہیں لی جا رہی بلکہ حکومت اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو جدید طبی سہولت فراہم کر رہی ہے۔
یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی سٹیٹ آف دی آرٹ ائیر ایمبولینس ہوگی جو ایمرجنسی طبی سہولیات کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔