’مجھے کیوں نکالا‘ شیر افضل مروت کا نعرہ، حکومتی اراکین بھی حمایت میں بول پڑے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نکالے جانے والے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں “مجھے کیوں نکالا” کا نعرہ بلند کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شیر افضل مروت آج قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کی بجائے حکومتی گیٹ سے داخل ہوئے، جس پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے مزاحیہ انداز میں کہا، ’’آپ لوگ انہیں مروا نہ دینا‘‘

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا

اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اسپیکر نے موبائل کمپنیوں کے انضمام پر سوال کرنے کا کہا، تو شیر افضل مروت نے جواب دیا، “میرا سوال تو بس یہی ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟” ان کے اس بیان پر حکومتی اراکین نے قہقہے لگائے، جبکہ پی ٹی آئی اراکین خاموش رہے۔

حکومتی اراکین نے بھی شیر افضل مروت کا ساتھ دیتے ہوئے نعرے لگائے، “ظالمو جواب دو، مروت کو حساب دو!” اس دوران بیرسٹر گوہر سے بھی کہا گیا کہ وہ مروت کا ساتھ دیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا، “ہم آپ کے ساتھ ہیں، آپ کو پی ٹی آئی میں واپس بھجوا دیں گے۔”

Scroll to Top