خیبرپختونخوا حکومت تنہائی کا شکار، نیازی لاء کی بات اب نہیں چلے گی، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت آہستہ آہستہ تنہائی کا شکار ہو رہی ہے اور ملک میں نیازی لاء کے تحت اب معاملات نہیں چل سکتے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سابق فاٹا کے لوگ سمجھتے ہیں کہ وفاقی حکومت مخلص ہے اور جہاں ضرورت ہو ہم طاقت کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے لیڈرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف اپنے سیاسی مفادات کی بات کرتے ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان نے اس مٹی کے مفاد کا تحفظ اولین ترجیح بنایا ہوا ہے اور افغانستان کی سرزمین سے دراندازی کو مکمل طور پر بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور چاہتا ہے کہ کابل میں طالبان رجیم دہشت گردوں کی پشت پناہی بند کرے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ثالث ہمارے مفادات کی مکمل دیکھ بھال کریں گے اور دہشت گردی کی روک تھام کے بغیر دو ہمسایوں کے تعلقات میں بہتری کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کی ضمانت کابل کو دینا ہوگی اور چاہے ٹی ٹی پی ہو یا بی ایل اے، پاکستان میں دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور افغانستان استنبول مذاکرات میں جنگ بندی پر متفق ہوگئے

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ملک کے مفاد اور عوام کی سلامتی ہر چیز سے مقدم ہے اور حکومت کسی بھی صورتحال میں اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

Scroll to Top