خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

خیبرپختونخوا کی نئی صوبائی کابینہ نے باضابطہ طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔

گورنر ہاؤس پشاور میں صوبائی وزراء کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی کابینہ کے 10 ارکان نے بحیثیت صوبائی وزراء اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

بحیثیت صوبائی وزیر حلف لینے والے اراکین میں مینا خان آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم آفریدی، فضل شکور خان، خلیق الرحمن، ریاض خان، سید فخرجہان، عاقب اللہ خان اور فیصل خان شامل ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزراء سے ان کے عہدے کا حلف لیا اور انہیں نیک تمناؤں اور مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں: سپیکر خیبرپختونخوا نے سپیشل سیکیورٹی کمیٹی کا دوسرا اجلاس طلب کر لیا

تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، انتظامی محکموں کے سربراہان اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک ہوئے۔

خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کئی دنوں کی تاخیر کے بعد اپنی کابینہ کا اعلان کیا۔

 کابینہ میں تجربہ کار ارکان کے ساتھ دو ایسے وزراء بھی شامل ہیں جنہیں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے آخری دنوں میں کابینہ سے ہٹایا تھا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 16 اکتوبر کو اپنا حلف اٹھایا تھا کابینہ کی تشکیل سے قبل پارٹی قائد عمران خان سے مشاورت کا اعلان کر چکے تھے۔

ابتدائی طور پر جیل ملاقات کی کوششیں بھی کی گئیں لیکن وہ ممکن نہ ہو سکیں، عمران خان نے اپنے اہلِ خانہ کے ذریعے سہیل آفریدی کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ترجیح کے مطابق مختصر کابینہ تشکیل دیں۔

ہدایت کے مطابق سہیل آفریدی نے اپنی کابینہ میں 10 وزراء، 2 مشیر اور 1 معاونِ خصوصی شامل کیے اور تمام ارکان نے گورنر ہاؤس میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔

Scroll to Top