طورخم سرحد 20 روز بعد کھولی گئی، سینکڑوں افغان پناہ گزین وطن روانہ، تجارت اور پیدل آمد و رفت تاحکم ثانی بندہوگا۔
تفصیلات کے مطابق طورخم سرحدی گزرگاہ 20 روز کے تعطل کے بعد غیر قانونی رہائش پذیر افغان شہریوں کو بے دخل کرنے کے لیے دوبارہ کھول دی گئی ہے۔ اس موقع پر سینکڑوں افغان پناہ گزین وطن واپس جانے کے لیے طورخم پہنچ گئے، تاہم سرحد سے تجارت اور پیدل آمد و رفت بدستور بند رہے گی۔
ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر بلال شاہد نے بتایا کہ طورخم سرحدی گزرگاہ کو ملک میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان شہریوں کو وطن واپس بھیجنے کے لیے کھولا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیگریشن عملہ ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد افغان شہریوں کو افغانستان جانے کی اجازت دے رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بلال شاہد نے مزید کہا کہ طورخم سرحدی گزرگاہ تاحکم ثانی تجارت اور پیدل آمد و رفت کے لیے بند رہے گی۔ یاد رہے کہ 11 اکتوبر کو پاک افغان کشیدگی کے باعث طورخم سرحد ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئی تھی۔
یو این ایچ سی آر کے ترجمان قیصر خان آفریدی نے بتایا کہ 8 اکتوبر تک 6 لاکھ 15 ہزار غیر قانونی افغان شہری طورخم کے راستے ملک بدر کیے جا چکے ہیں۔





