خیبر ٹیچنگ اسپتال (کے ٹی ایچ) میں صحت کارڈ کے تحت فراہم کیے جانے والے مفت علاج کو فنڈز کی عدم ادائیگی کے باعث معطل کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مریض شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے انشورنس کمپنی کو فنڈز فراہم نہ کرنے کے سبب صحت کارڈ کے تحت مفت علاج کی سروس معطل کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق انشورنس کمپنی نے اسپتال کے کروڑوں روپے کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی، جس کے باعث اسپتال مالی مشکلات کا شکار ہے۔
خیبر ٹیچنگ اسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو صحت کارڈ کے تحت علاج فراہم کرنا ممکن نہیں رہا اور حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی گئی ہے تاکہ یہ خدمات جلد از جلد بحال کی جا سکیں۔
اس معطلی سے اسپتال میں علاج کے منتظر مریض اور ان کے اہل خانہ میں تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ صحت کارڈ پچھلے کئی سالوں سے ہزاروں افراد کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرتا رہا ہے۔





