سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دل میں اچانک تکلیف کے باعث الشفا ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو ہارٹ اٹیک ہوا تھا اور ابتدائی ٹیسٹ کے دوران پتہ چلا کہ ان کے دل کی دو اہم شریانیں بند ہیں۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے دل میں دو سٹنٹ ڈال دیے ہیں۔
سابق وزیراعظم اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ سندھ، سابق وزیر دفاع اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آفتاب شعبان میرانی کا انتقال ہوگیا ہے، وہ چند روز سے کراچی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
آفتاب شعبان میرانی شکارپور، سندھ میں پیدا ہوئے اور 25 فروری 1990 سے 6 اگست 1990 تک صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ وفاقی وزیر دفاع بھی رہ چکے ہیں، مرحوم کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا اور وہ پارٹی کے مخلص و وفادار رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔
مرحوم آفتاب شعبان میرانی کی نماز جنازہ مسجد بیت الاسلام، ڈیفنس فیز فور میں ادا کر کے تدفین گزرِی قبرستان میں کی گئی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آفتاب شعبان میرانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھی تھے
اور جمہوریت، وفاقِ پاکستان اور عوامی خدمت کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پیپلز پارٹی کا اثاثہ تھے اور وہ ایک شریف النفس اور باوقار شخصیت کے حامل تھے۔
وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ اور پارٹی کارکنان کو صبر دے۔





