خیبرپختونخوا کے حکومتی اراکین کا امن و امان کیلئے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کے حکومتی اراکین کا امن و امان کیلئے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا اسمبلی میں امن و امان کے قیام کیلئے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا سات گھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے امور پر غور کیا گیا جبکہ شرکاء کو صوبے میں امن و امان کی تازہ صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق، اراکین اسمبلی نے صوبے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا متفقہ فیصلہ کیا۔

اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سواتی نے اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ اسپیشل سیکیورٹی کمیٹی کا بنیادی مقصد صوبے میں امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مسائل کے حل کو افہام و تفہیم اور مشاورت کے ذریعے ممکن بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی تمام سیاسی قوتیں امن و استحکام کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی کا اگلا اجلاس آئندہ چند روز میں منعقد کیا جائے گا تاکہ فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔

Scroll to Top