لیڈی ریڈنگ ہسپتال

پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال سے نومولود بچہ مبینہ طور پر غائب، اہلخانہ کا احتجاج

لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ)پشاور کے گائنی وارڈ سے نومولود بچہ مبینہ طور پر غائب ہو گیا ہےجس پر متاثرہ خاندان نے اسپتال عملے پر بچے کے اغوا اور پولیس پر ایف آئی آر درج نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہےجبکہ اسپتال انتظامیہ نے معاملے کی انکوائری کا دعوی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کے حوالے کر دی ہے۔

متاثرہ بچے کے والد حشمت علی نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز ایل آر ایچ میں ان کے ہاں بچہ پیدا ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے کی پیدائش کے وقت اسپتال انتظامیہ نے ان کے گھر کی خواتین کو گائنی روم سے باہر نکال دیا تھا۔ تاہم جب خواتین کچھ دیر بعد دوبارہ گائنی روم کے اندر گئیں تو وہاں کوئی نومولود بچہ موجود نہیں تھا۔

والد حشمت علی نے کہا کہ جب انہوں نے عملے سے سوال کیا تو گائنی وارڈ کی نرس نے الٹا ان پر ہی بچے کو غائب کرنے کا الزام عائد کر دیا۔

انہوں نے کہا، “اپنا بچہ کون غائب کر سکتا ہے؟” انہوں نے بتایا کہ بچے کی مبینہ گمشدگی کی اطلاع اسپتال میں قائم پولیس چوکی میں روزنامچے کی صورت میں درج کرا دی گئی ہے لیکن پولیس حکام باقاعدہ ایف آئی آر درج کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ متاثرہ والد نے حکام سے بچے کو جلد از جلد بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان ایل آر ایچ محمد عاصم کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ واقعے کی مکمل انکوائری کر رہی ہے اور پولیس بھی معاملے کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو فراہم کر دی گئی ہے اور فوٹیج کی مدد سے بچے کے مبینہ اغوا میں ملوث خاتون کی تلاش جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جین زی کی کاکروچ جنتا پارٹی کے کارکنان پھر جنتر منتر پہنچ گئے،پولیس کریک ڈاؤن

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان نے فی الحال باضابطہ ایف آئی آر درج نہیں کرائی ہے۔

Scroll to Top