نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےکہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا نقطہ نظر نہایت موثر انداز میں پیش کیا۔
نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اپنی تقریر کے دوران انڈس واٹر ٹریٹی اور ہندوستان کے ساتھ جنگی خدشات جیسے اہم امور سے دنیا کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے خطاب کے دوران ہال کئی بار تالیوں کی گونج سے گونج اٹھا جبکہ انہوں نے افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی پر بھی کھل کر بات کی۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے وفد کی سطح پر ملاقات کی اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا اور وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کو بے حد سراہتے ہیں جبکہ اس دورے میں وائٹ ہاؤس نے بھی وزیراعظم کی ملاقات کی تصویر جاری کی ہے۔
وزیر خارجہ نے نیویارک میں شام کے صدر اور لبنان کے وزیراعظم سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔





