سینیارٹی لسٹوں میں تاخیر:پراونشل پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی احتجاج کی دھمکی

سینیارٹی لسٹوں میں تاخیر:پراونشل پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی احتجاج کی دھمکی

پراونشل پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے سینیارٹی لسٹیں جاری نہ ہونے کے خلاف تین روزہ احتجاج کی دھمکی دے دی۔

ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ 2022 کے بعد سے اب تک کوئی سینیارٹی لسٹ جاری نہیں کی گئی جس کے باعث درجنوں اہلکار ریٹائر ہو چکے ہیںمگر انہیں یہ علم ہی نہیں کہ وہ کس گریڈ میں ملازمت سے سبکدوش ہوئے۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وائس پریزیڈنٹ تاج محمد اور جنرل سیکریٹری شمس التاج نے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر محکمہ صحت نے سینیارٹی لسٹیں جاری نہ کیں تو 11، 12 اور 13 نومبر کو سیکریٹری صحت کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔ اگر اس کے باوجود حکومت نے توجہ نہ دی تو غیر معینہ مدت کے لیے صوبہ بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کے حکام پر عائد ہوگی۔

تاج محمد نے کہا کہ میڈیکل فیکلٹی میں غیر متعلقہ کیڈرز کے افراد کی تعیناتی بدعنوانی کا باعث بن رہی ہے لہٰذا ادارے میں محکمہ صحت کے تجربہ کار اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے بعض افسران سالوں سے عہدوں پر براجمان ہیں اور پیرا میڈکس کے مسائل ان کی ترجیح میں شامل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گریڈ 12 سے 14 اور گریڈ 14 سے 16 میں ترقیوں کے لیے بھی سینیارٹی لسٹیں تاحال جاری نہیں کی گئیںحالانکہ قانون کے مطابق ہر سال جنوری میں عارضی اور مارچ تک حتمی لسٹیں جاری ہونا ضروری ہے۔

پراونشل پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے صوبے کے 57 سرکاری اسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ کو بھی مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو نجی ٹھیکیداروں کے حوالے کر کے غریب دشمن پالیسی اپنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آؤٹ سورسنگ سے علاج مہنگا اور عوام کے لیے سہولیات محدود ہو جائیں گی۔

تاج محمد نے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں تاحال 60 فیصد اپ گریڈیشن نہیں کی گئی جس سے پیرامیڈکس اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیرا میڈکس کے کیڈر فارمیسی ٹیکنیشن کی اپ گریڈ پوسٹوں پر سروس رولز کے برعکس تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، جو کسی صورت قبول نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال

شمس التاج نے کہا کہ ہم مریضوں کو تکلیف نہیں دینا چاہتے لیکن محکمہ صحت کے غیر سنجیدہ رویے کے باعث احتجاج ہمارا واحد راستہ رہ گیا ہے۔ اگر حکومت نے وعدے پورے نہ کیے تو پیرامیڈیکل اسٹاف صوبہ گیر احتجاج پر مجبور ہوگا۔

Scroll to Top