فیصل آباد: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا فیصلہ کن میچ آج فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
میچ سے قبل قومی کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، جس میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں شامل تھیں۔
ٹیم کے کپتان نے شائقین کو یقین دلایا کہ کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں : دوسرا ون ڈے: پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں شکست
جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
آج کا میچ فیصل آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے دیا گیا 270 رنز کا ہدف مہمان ٹیم نے صرف 40.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقی اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے 119 گیندوں پر شاندار ناقابلِ شکست 123 رنز بنائے، جن میں 8 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کی جانب سے سلمان علی آغا 69، صائم ایوب 53 اور محمد نواز 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
فہیم اشرف نے اختتامی اوورز میں تیز رفتار 28 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
جنوبی افریقہ کی بولنگ لائن نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ نندرے برگر نے 4، نقبایو مزی پیٹر نے 3 جبکہ کوربن بوش نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔





