لندن: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن بدل چکی ہے اور بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے سے ملک کی دفاعی طاقت ثابت ہوئی ہے۔
پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ معرکہ حق سے قبل بھارت خطے کا تھانیدار بنا ہوا تھا۔
لیکن رات کو حملے کا جواب پاکستانی مسلح افواج نے دی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج نے بھارت کو شکست دی۔
وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ 6 مئی سے قبل ایک سیاسی جماعت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف تھی اور مسلح افواج و آرمی چیف کے خلاف منفی تاثر پیدا کیا گیا، لیکن 10 مئی کو ثابت ہوگیا کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل جیسا دلیر کمانڈر کبھی نہیں دیکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ میں قوم اور فوج نے اپنی بہادری ثابت کی، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی مشکل فیصلے کیے، جنہیں کوئی اور وزیر اعظم نہیں لے سکتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : کسی بھی امریکی صدر نے کسی فوجی سربراہ یا وزیراعظم کی اتنی تعریفیں نہیں کیں جتنی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہو رہی ہیں، شاہد آفریدی
گزشتہ حکومت نے جاتے جاتے تیل کی قیمتیں سستی کر کے دی تھیں، جس کی وجہ سے نئی حکومت کو مجبورا قیمتیں بڑھانی پڑیں، تاہم کسی شہر میں مظاہرہ نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان تاریخ میں چوتھی بار اڑان بھر رہا ہے، جبکہ تین مرتبہ ماضی میں اڑان بھرنے کے بعد کریش ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ماضی میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی، لیکن موجودہ حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔





